لاہور : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق، آج مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، جبکہ مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند اور اسموگ کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔مری اور گلیات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ راولپنڈی، اٹک اور جہلم میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، ملتان، لاہور، شیخوپورہ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان اور بہاولنگر میں بارش متوقع ہے۔اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، خانیوال، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں دھند کی موجودگی کی توقع ہے۔
بلوچستان کے کچھ علاقوں میں مزید بارش ہونے کی توقع ہے۔ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، بینظیرآباد اور موہنجو دڑو میں دھند کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر اور کوہستان میں مزید بارش ہو سکتی ہے۔بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، باجوڑ، مہمند، خیبر اور اورکزئی میں برفباری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
موسم کی یہ تبدیلی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت کا احساس دلاتی ہے، خاص طور پر سفر کے دوران دھند اور برفباری کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے۔