سعودی عرب میں اقامہ اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر ایک ہفتے میں 12 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین وطن بے دخل

12:55 PM, 22 Dec, 2025

ریاض: سعودی عرب میں اقامہ، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزیوں پر ایک ہفتے کے دوران 12 ہزار 661 غیرقانونی تارکین وطن کو ملک سے نکال دیا گیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 11 سے 17 دسمبر تک مجموعی طور پر 17 ہزار 880 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ ان میں سے 11 ہزار 190 افراد کو اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا، 3 ہزار 801 افراد غیرقانونی سرحد عبور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے گئے، اور 2 ہزار 889 افراد کو لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا۔

سعودی حکام کے مطابق ایک ہزار 509 افراد غیرقانونی طور پر سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ ان میں 55 فیصد ایتھوپیا، 44 فیصد یمن اور ایک فیصد دیگر ممالک سے تعلق رکھتے تھے۔ علاوہ ازیں، 40 افراد کو سعودی عرب سے ہمسایہ ممالک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفر، رہائش یا ملازمت فراہم کرنا قانوناً جرم ہے، اور اس کے لیے سخت سزائیں مقرر ہیں۔ سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ جو بھی شخص غیر قانونی تارکین وطن کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کرے گا، اسے 15 برس قید، 10 لاکھ ریال جرمانہ، اور گاڑی یا جائیداد کی ضبطی کی سزا مل سکتی ہے۔

مزیدخبریں