اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں شاندار کامیابی پر ظہرانہ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس ظہرانے میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی انعامات کا اعلان بھی کیا جائے گا، جس میں کھلاڑی سمیر منہاس کو خصوصی انعام دیا جائے گا۔
ظہرانے میں قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی شرکت متوقع ہے۔ یہ تقریب اُس وقت منعقد کی جائے گی جب پاکستان کی انڈر 19 ٹیم نے گزشتہ روز ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔
پاکستانی ٹیم اتوار اور پیر کی درمیانی شب وطن واپس پہنچی، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور نوجوان شاہینوں کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی انڈر 19 ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 50 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔