لاہور: چیمپئنز ٹرافی گروپ بی کے اہم میچ میں انگلینڈ نے بین ڈکٹ کی شاندار 165 رنز کی اننگز کی بدولت آسٹریلیا کو جیت کے لیے 352 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، تاہم انگلش بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے، جو چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
انگلینڈ کی بیٹنگ میں بین ڈکٹ نمایاں رہے، جنہوں نے 165 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ جو روٹ نے 68 اور جوز بٹلر نے 23 رنز بنائے۔ڈوارسوئس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔زیمپا اور لبوشین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے بعد آسٹریلوی کپتان نے پہلے بولنگ کے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گراؤنڈ میں نمی کے باعث گیند سوئنگ ہو سکتا ہے، جبکہ اسٹیو اسمتھ نے بھی امید ظاہر کی کہ پچ بولرز کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ آسٹریلوی ٹیم 352 رنز کا بڑا ہدف حاصل کر پاتی ہے یا نہیں۔