کولمبو : آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سُپر ایٹ مرحلے میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کولمبو سے کینڈی روانہ ہو گئی ہے۔ قومی ٹیم اپنے اگلے دو اہم مقابلے کینڈی کے پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔
سُپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کا سفر اب کینڈی کے میدانوں میں طے ہوگا، پاکستان اپنا اگلا میچ بروز منگل (24 فروری) کو دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
سُپر ایٹ مرحلے کا آخری اور فیصلہ کن مقابلہ 28 فروری کو میزبان سری لنکا کے خلاف شیڈول ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کولمبو میں کھیلا جانے والا پہلا میچ شدید بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ ٹاس ہوئے بغیر میچ ختم ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔ اب سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستان کو اپنے بقیہ دونوں میچز میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔
قومی اسکواڈ کینڈی پہنچ کر آرام کے بعد کل سے ٹریننگ سیشنز کا آغاز کرے گا تاکہ انگلینڈ کے خلاف اہم ترین میچ کے لیے بھرپور تیاری کی جا سکے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ: قومی ٹیم کولمبو سے کینڈی روانہ، انگلینڈ کے خلاف بڑے معرکے کی تیاریاں شروع
03:55 PM, 22 Feb, 2026