"افغان سرزمین سے دہشت گردی بند نہ ہوئی تو بھرپور جوابی کارروائی ہوگی": طاہر اشرفی کا دو ٹوک اعلان

05:13 PM, 22 Feb, 2026

لاہور: چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حالیہ پاکستانی کارروائی کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کابل کو سخت انتباہ جاری کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کا سلسلہ بند نہ ہوا تو دفاعِ وطن کے لیے بھرپور جواب دیا جاتا رہے گا۔
حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات پاکستان نے ان مخصوص ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جہاں وہ دہشت گرد پناہ لیے ہوئے تھے جو مساجد، معصوم شہریوں اور بے گناہ مسلمانوں پر حملوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جو بھی پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازش کرے گا اسے منہ توڑ جواب ملے گا۔
مبینہ طور پر مسجد کو نشانہ بنانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دشمن کا بے بنیاد پروپیگنڈا ہے۔ طاہر اشرفی نے یاد دلایا کہ پاکستان کی قیادت اور افواج نے ہمیشہ عبادت گاہوں کا احترام کیا ہے، یہاں تک کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران بھی کبھی کسی عبادت گاہ کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
انہوں نے پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ اور رسول ﷺ کے احکامات پر عمل کرنے والی ایک باایمان اور تقویٰ والی فوج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری افواج کی کارروائیاں صرف ان فتنہ پرور عناصر کے خلاف ہیں جو انسانیت اور ملک کے دشمن ہیں۔

مزیدخبریں