لندن : برطانیہ، فرانس، جاپان سمیت 28 ممالک نے غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں کے خاتمے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان ممالک نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ انسانی امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹ نہ ڈالے تاکہ نہتے شہری، خاص طور پر بچے، امداد حاصل کرسکیں۔
برطانوی حکومت کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی فوری طور پر عمل میں لائی جائے اور امدادی سامان کی ترسیل کا نظام بہتر بنایا جائے کیونکہ موجودہ نظام انسانی وقار کے منافی ہے اور اس سے علاقے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔
بیان میں اسرائیلی پالیسی، امداد کی ترسیل میں سست روی اور شہریوں بالخصوص بچوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ اس اعلامیے پر آسٹریلیا، فرانس، جاپان، کینیڈا، ناروے، سویڈن، اسپین، اٹلی سمیت 28 ممالک کے وزرائے خارجہ کے دستخط شامل ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 134 فلسطینی شہید اور 650 زخمی ہوئے، جن میں اکثریت امدادی سامان کے منتظر شہریوں کی ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ایمبولینسز اور سول ڈیفنس اہلکاروں کو متاثرہ علاقوں تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے کئی شہری عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 59 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔