اسلام آباد : اسلام آباد اور ہزارہ کے علاقوں میں زوردار مون سونی بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ اسلام آباد کے سید پور میں 147 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث نشیبی علاقے مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئے۔
بارش کے دوران برساتی نالے بپھر گئے اور تیز پانی کے باعث پل کی دیوار ٹوٹ گئی۔ کئی گاڑیاں برساتی نالے میں بہہ گئیں جبکہ پانی نے گھروں میں بھی داخل ہو کر قیمتی سامان کو نقصان پہنچایا۔ تلہاڑ گاؤں میں بھی بارش کی شدت سے شدید تباہی ہوئی ہے۔
ہزارہ کے خانپور میں موسلا دھار بارش نے ندی نالوں میں طغیانی پیدا کر دی، پل اور بند ٹوٹ گئے اور درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ سیلابی ریلے کی وجہ سے کئی لوگ راستے میں پھنس گئے۔ دوڑ ندی میں سیلاب آیا اور چھوئی میں بجلی کے 6 پول بہہ گئے۔
قلات میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ سرگودھا میں ایک خستہ مکان کی چھت گرنے سے 50 سالہ شخص جاں بحق اور اس کی بیوی اور چار بچے زخمی ہوگئے۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے مون سون کی ایک اور زوردار لہر کی پیشگوئی کر دی ہے۔