پاکستان نے سمندری حیاتیاتی تنوع کے عالمی معاہدے پر دستخط کر دیے

12:11 PM, 22 Jul, 2025

نیویارک : پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کے تحت ہونے والے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو کہ سمندر میں قومی حدود سے باہر موجود حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور پائیدار استعمال سے متعلق ہے۔ یہ معاہدہ بین الاقوامی سطح پر سمندری وسائل کے منصفانہ اور محفوظ استعمال کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، پاکستان نے اس عمل میں بھرپور اور قائدانہ کردار ادا کیا۔ 2022 میں ہونے والے دو اہم مذاکراتی اجلاسوں کے دوران پاکستان نے جی 77 اور چین گروپ کی قیادت کی اور ترقی پذیر ممالک کے حقوق و مفادات کی پرزور حمایت کی۔

پاکستان نے ان مذاکرات میں نہ صرف مساوی وسائل کی تقسیم بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صلاحیت سازی جیسے اہم اصولوں کی حمایت کی، جس کا مقصد ترقی پذیر ممالک کو عالمی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کا یہ مؤقف "انسانیت کے مشترکہ ورثے" کے اصول پر مبنی تھا، اور اس معاہدے پر دستخط عالمی سطح پر ماحولیاتی تحفظ، بین الاقوامی تعاون، اور پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کی مستقل وابستگی کا ثبوت ہیں۔

مزیدخبریں