کیلیفورنیا: انسٹاگرام نے صارفین کے لیے ایک نیا ری پلیس آڈیو (Replace Audio) فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے اب پرانی فیڈ پوسٹس میں شامل میوزک کو تبدیل کیا جا سکے گا۔
میٹا کے مطابق نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین اپنی پہلے سے شیئر کی گئی پوسٹس کا بیک گراؤنڈ میوزک تبدیل کر سکیں گے، جبکہ پوسٹ کے لائکس، کمنٹس، شیئرز اور مجموعی ریچ بدستور برقرار رہیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد صارفین کو اپنے پہلے سے موجود مواد پر زیادہ اختیار فراہم کرنا ہے تاکہ وہ پوسٹس کو حذف کیے بغیر ان میں تبدیلی کر سکیں۔
اس سے قبل اگر کوئی صارف اپنی پرانی پوسٹ میں موجود میوزک یا ساؤنڈ ٹریک تبدیل کرنا چاہتا تھا تو اسے پوسٹ ڈیلیٹ کرکے دوبارہ اپ لوڈ کرنا پڑتی تھی، جس کے باعث پوسٹ کی تمام انگیجمنٹ بھی ختم ہو جاتی تھی۔
نئے فیچر کے ذریعے اب صارفین موجودہ پوسٹس کے آڈیو کو آسانی سے تبدیل کر سکیں گے، جبکہ پوسٹ کی باقی تفصیلات محفوظ رہیں گی۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنی پرانی پوسٹ کھول کر اوپر دائیں جانب موجود مینیو میں جانا ہوگا، جہاں ایڈٹ (Edit) کا آپشن منتخب کرنے کے بعد آڈیو تبدیل کرنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔
انسٹاگرام نے اس فیچر کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا ہے، تاہم یہ مرحلہ وار تمام صارفین تک پہنچایا جائے گا۔ جلد ہی دنیا بھر کے صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔