دبئی نے سیاحوں کو بلانے والے رہائشیوں کے لیے خصوصی رعایتی پیکج متعارف کرا دیا

07:42 PM, 22 Jul, 2026

دبئی: دبئی نے سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ایک نئی مہم شروع کردی ہے، جس کے تحت ایسے رہائشی افراد کو 800 ڈالر سے زائد مالیت کی رعایتیں اور خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی جو اپنے دوستوں اور اہل خانہ کو دبئی آنے کی دعوت دیں گے۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق دبئی محکمہ اقتصادیات و سیاحت نے "اے دبئی انوائٹ" کے نام سے مہم کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد رہائشیوں کو شہر کے سفیر کے طور پر کام کرنے اور اپنے پیاروں کو دبئی آنے کی ترغیب دینے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

یہ پروگرام اکتوبر کے اختتام تک جاری رہے گا۔ دبئی حکومت کی ویب سائٹ کے مطابق 20 جولائی سے 31 اکتوبر تک دوستوں یا خاندان کے افراد کو دبئی مدعو کرنے والے رہائشیوں کو 3 ہزار درہم (تقریباً 816 ڈالر) سے زائد مالیت کے فوائد حاصل ہوں گے، جن میں ہوٹل قیام، کھانے کے تجربات، تفریحی مقامات کے ٹکٹس اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔

رہائشی افراد ویب سائٹ کے ذریعے اپنے مدعو کیے جانے والے مہمانوں کی تفصیلات درج کر کے ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

دبئی سالانہ تقریباً 1 کروڑ 95 لاکھ سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے اور یہ خطے کے اہم ترین سیاحتی مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں دنیا بھر سے سیاح اور معروف شخصیات آتی ہیں۔

تاہم حالیہ مہینوں میں خطے میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث دبئی کی سیاحت متاثر ہوئی ہے۔ سردیوں کے مصروف سیاحتی سیزن کے دوران ایران سے منسلک میزائل اور ڈرون حملوں نے متحدہ عرب امارات کے بعض علاقوں کو متاثر کیا، جن میں دبئی کے کچھ ہوٹل اور معروف برج العرب ریزورٹ بھی شامل تھے، جس کے بعد کئی سیاحوں نے اپنی آمد منسوخ کردی۔

8 اپریل کو جنگ بندی کے بعد سیاحوں کی آمد میں کچھ بہتری آئی ہے، تاہم سیاحت سے وابستہ افراد کے مطابق بیشتر ہوٹل اب مقامی مہمانوں پر زیادہ انحصار کر رہے ہیں۔

دبئی حکومت نے مئی میں جنگ کے اثرات اور آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی صورتحال سے متاثرہ کاروباروں کی مدد کے لیے 40 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کا معاشی پیکج منظور کیا تھا۔

اس پیکج میں ہوٹلوں اور ریستورانوں کے لیے بعض میونسپل فیسوں میں چھوٹ، کسٹمز قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں کمی اور سول ایوی ایشن پرمٹس کی فیس میں کمی شامل تھی۔

اس سے قبل مارچ کے آخر میں دبئی حکام نے کاروباری اداروں اور خاندانوں کو سہارا دینے کے لیے 27 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے امدادی پیکج کا بھی اعلان کیا تھا۔
 
 

مزیدخبریں