اگر ایران نے امن قائم نہ کیا تو آئندہ حملے مزید سخت ہوں گے ،ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی

09:56 AM, 22 Jun, 2025

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک اور دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے امن قائم نہ کیا تو آئندہ حملے مزید سخت ہوں گے۔ وائٹ ہاؤس سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر ختم کرنے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ امریکا نے ایران کی فردو، نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، تاکہ ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت کو ختم کیا جا سکے۔

ٹرمپ نے ایران کو دنیا کے لیے ایک جوہری خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران 40 سال سے امریکا مخالف نعرے لگا رہا تھا اور خطے میں دہشت گردی کی حمایت کر رہا تھا۔ امریکی صدر نے اس موقع پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ ان کے ساتھ مل کر ایران کی جوہری تنصیبات پر کامیاب حملے کیے گئے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے ایران کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر امن قائم نہ ہوا تو امریکا مزید سخت کارروائیاں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ "اب یا تو ایران امن قائم کرے گا یا پھر ایران کے لیے ایک ایسا سانحہ ہوگا جو پچھلے آٹھ دنوں سے کہیں بڑا ہوگا۔" ٹرمپ نے مزید کہا کہ ابھی بھی کئی اہم ایرانی اہداف موجود ہیں جنہیں نشانہ بنانا باقی ہے، اور اگر ایران نے مذاکرات کی طرف قدم نہیں بڑھایا تو ان اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں