جہاد کا اعلان صرف ریاست کا اختیار ہے، کسی فرد یا گروہ کا نہیں : ڈی جی آئی ایس پی آر

12:53 PM, 22 Jun, 2025

کراچی: پاک فوج کے ترجمان، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ جہاد کا اعلان صرف ریاست کر سکتی ہے، کسی فرد یا گروہ کو اس کا اختیار نہیں دیا جا سکتا۔

یہ بات انہوں نے کراچی میں مختلف مذاہب اور سماجی طبقات سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور شرکاء نے قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اُن کے کردار کو سراہا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے افراد برابر کے شہری ہیں اور انہیں آئینی طور پر مکمل حقوق حاصل ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ قومی اتحاد صرف برابری، برداشت اور ہم آہنگی سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، مگر پاک فوج جدید حکمت عملی کے ساتھ دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم میں لسانی یا نسلی تعصب پیدا کرنا جہالت ہے، ہمیں متحد رہ کر ہی دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

اس ملاقات کے اختتام پر مختلف مذاہب کے نمائندوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی باتوں کو سراہا اور کہا کہ اس قسم کے روابط قومی یکجہتی کو مضبوط کرتے ہیں، اور ان نشستوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

مزیدخبریں