اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ موسمیاتی رپورٹ کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ شہری علاقوں میں موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ بارکھان، سبی، کوہلو اور ژوب میں بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمی نظام کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں موسم میں تبدیلی کا سلسلہ جاری ہے۔