سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ نرخ 4 لاکھ 42 ہزار روپے سے تجاوز کر گئے

05:47 PM, 22 Jun, 2026

کراچی: مقامی صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد فی تولہ سونا 4 ہزار 643 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 42 ہزار 636 روپے تک پہنچ گیا۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 179 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کا نرخ 3 لاکھ 78 ہزار 345 روپے ہو گیا ہے۔

ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں یہ تیزی مقامی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے مطابق عالمی مارکیٹ کے رجحانات اور روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ نے بھی قیمتوں میں اضافے کو تقویت دی ہے۔

بین الاقوامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں بہتری دیکھی گئی۔ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت کی اطلاعات کے بعد اسپاٹ گولڈ 0.7 فیصد اضافے کے ساتھ 4,189.69 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔ اس سے قبل جمعہ کے روز یہ 11 جون کے بعد اپنی کم ترین سطح پر آ گیا تھا۔ دوسری جانب امریکی گولڈ فیوچرز 0.9 فیصد کمی کے بعد 4,207.70 ڈالر فی اونس پر آ گئے۔

سوئٹزرلینڈ میں امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ایرانی وزارت خارجہ نے پیش رفت کو مثبت قرار دیا ہے۔ قطر اور پاکستان کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں بتایا گیا کہ دونوں فریق 60 دن کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک روڈ میپ پر متفق ہو گئے ہیں۔

مارکیٹ تجزیہ کار ایڈورڈ میر کے مطابق عالمی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور فی الوقت سونے کی مارکیٹ جغرافیائی سیاسی عوامل سے متاثر ہے، جس کے باعث سرمایہ کار محتاط انداز اپنائے ہوئے ہیں۔

ادھر امریکی فیڈرل ریزرو کی سخت مالیاتی پالیسی سے متعلق اشاروں نے سونے کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رکھا ہوا ہے۔ فیڈ چیئرمین کیون وارش کی جانب سے مہنگائی پر توجہ مرکوز کرنے کے بعد شرح سود میں اضافے کی توقعات مزید مضبوط ہوئی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق فیڈ کے 19 میں سے 9 پالیسی ساز رواں سال شرح سود بڑھانے کے حامی ہیں، جبکہ دسمبر میں شرح سود میں اضافے کے امکانات 89 فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق شرح سود میں اضافے کی صورت میں سونا نسبتاً کم پرکشش سرمایہ کاری بن جاتا ہے کیونکہ اس سے براہ راست منافع حاصل نہیں ہوتا۔

دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت 2 فیصد اضافے کے بعد 66.18 ڈالر فی اونس ہو گئی، جبکہ پلاٹینم 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ 1,670.74 ڈالر اور پیلیڈیم 1 فیصد بڑھ کر 1,270.41 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔
 
 

مزیدخبریں