اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کے روز پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ سے ملاقات کی، جس میں خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی سفیر نے اس موقع پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں کشیدگی میں کمی اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کے لیے چین کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
سرکاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے برجن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ (MoU) کے نفاذ سے متعلق اعلیٰ سطحی مذاکرات کی تازہ پیش رفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔
انہوں نے قاہرہ کے اپنے حالیہ دورے کا بھی ذکر کیا، جہاں انہوں نے مصر، سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مل کر R-4 ریجنل فارن منسٹرز اجلاس میں شرکت کی اور خطے میں تنازعات کے پرامن حل اور مذاکرات کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان کے امن کے لیے اقدامات میں چین کے مستقل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی چار نکاتی تجویز اور چین پاکستان فائیو پوائنٹ انیشیٹو خطے میں سفارتی کوششوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام حل طلب مسائل کا حل صرف بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے اور کشیدگی کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
ملاقات میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور چین خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے لیے قریبی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بناتے رہیں گے، جبکہ دونوں ممالک کی آہنی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی۔