گلگت: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما امجد حسین ایڈووکیٹ بلامقابلہ گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں۔
اسپیکر عمران ندیم کی زیر صدارت گلگت بلتستان اسمبلی کے اجلاس میں ان کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، جس کے باعث وہ بلامقابلہ منتخب ہوئے۔
ایوان میں موجود تمام ارکان نے امجد حسین ایڈووکیٹ کی حمایت کی، جس کے بعد ان کی کامیابی کو حتمی شکل دی گئی۔
امجد حسین ایڈووکیٹ گلگت بلتستان کے پانچویں وزیراعلیٰ بنے ہیں۔ وہ حالیہ انتخابات میں جی بی اے 1 گلگت سے کامیاب ہوئے تھے اور اس وقت پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ان کا سیاسی تجربہ بھی طویل ہے، وہ 2010 سے 2015 تک گلگت بلتستان کونسل کے رکن رہے جبکہ 2020 کے انتخابات میں انہوں نے دو حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
نومنتخب وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے عمران ندیم بلامقابلہ اسپیکر جبکہ مسلم لیگ (ن) کے کفایت الرحمان ایڈووکیٹ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن اراکین کی درخواست پر اسپیکر عمران ندیم نے مسلم لیگ (ن) کے صدر حافظ حفیظ الرحمان کو اپوزیشن لیڈر ڈکلیئر کر دیا ہے۔