(ن) لیگ کے صدر شہباز شریف لندن سے وطن  واپس   پہنچ گئے

 (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف لندن سے وطن  واپس   پہنچ گئے


اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور   قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف لندن سے وطن  واپس  پہنچ گئے۔میاں شہباز شریف چار ماہ بعد صبح  لندن سے     پی آئی اے کی پرواز پی کے786 سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے جہاں ان کا استقبال سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، عطا تارڑ،شیخ ناصر  ودیگر  رہنمائوں اور کارکنوں نے کیا،کورونا وائرس کے پیش نظر وطن واپسی پر شہباز شریف نے ایئرپورٹ پر کسی سے مصافحہ نہیں کیا۔

 میاں شہباز شریف کچھ دیر تک شاہد خاقان عباسی سے بات چیت بھی کرتے رہے جس کے بعد اسلا م آباد سے لاہورروانہ ہو  ئے۔

قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے وطن واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وطن واپس پہنچا ہوں، میاں نواز شریف کی طبیعت خراب تھی وہاں اس لیے ٹھہرا تھا کہ میاں نواز شریف کا دل کا آپریشن ابھی ہونا باقی ہے، ان کے معالج چھٹی پر تھے اب آگئے ہیں اللہ تعالی سے دعا ہے انھیں صحت دیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بھی پیغام ہے کہ قوم متحد رہے، آزمائش میں قوم کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں گے، نواز شریف کی قیادت میں ایک ٹیم کی حیثیت سے ہمیشہ کام کیا۔