لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پانی قدرت کی انمول نعمت ہے جس کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی نہ صرف زندگی کی علامت ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے بھی اہم ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی پانی کے ضیاع سے منع فرمایا تھا اور ہمیں ان تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے پانی کے بچاؤ کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ہر بوند کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بڑھتی ہوئی آبادی، موسمیاتی تبدیلیوں اور بے احتیاطی کی وجہ سے آبی ذخائر میں تیزی سے کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ نسلوں کے لیے پانی کی کمی ایک سنگین مسئلہ بن سکتی ہے۔
مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ پانی کے مناسب استعمال اور تحفظ کے لیے فوری حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور اس کے مؤثر استعمال کی تجویز دی۔