آپریشن 'وعدہ صادق 4' کی 70 ویں لہر: ایرانی میزائلوں کا بحرِ ہند تک وار، امریکی اور اسرائیلی دفاعی حصار پاش پاش

12:28 PM, 22 Mar, 2026

تہران: مشرقِ وسطیٰ کی جنگ ایک ہولناک اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ ایران نے 'آپریشن وعدہ صادق 4' کے تحت حملوں کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے صیہونی ریاست اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔ ان مسلسل حملوں نے ثابت کر دیا ہے کہ اب کوئی بھی دفاعی نظام ایرانی میزائلوں کے سامنے محفوظ نہیں رہا۔
ایران نے اپنی فوجی تاریخ کا سب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والا حملہ کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔تہران سے 4 ہزار کلومیٹر دور بحرِ ہند میں واقع اہم ترین امریکی و برطانوی فوجی اڈے 'ڈیگو گارشیا' (Diego Garcia) کو دو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات سمیت 55 سے زائد اسٹریٹجک مقامات پر میزائلوں کی برسات کی گئی، جس سے صیہونی دفاعی نظام زمین بوس ہو گیا۔
برطانوی حکومت نے ڈیگو گارشیا پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے برطانوی مفادات اور اتحادیوں کے لیے براہِ راست خطرہ قرار دیا ہے۔ لندن کا کہنا ہے کہ بحرِ ہند تک جنگ کا دائرہ پھیلنا عالمی امن اور بین الاقوامی سمندری راستوں کے لیے سنگین چیلنج ہے۔
دوسری جانب، گزشتہ روز جامِ شہادت نوش کرنے والے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے ترجمان علی محمد نائینی کی نمازِ جنازہ تہران میں ادا کر دی گئی۔جنازے میں ہزاروں سوگواروں نے شرکت کی، جہاں فضا انتقام کے نعروں سے گونجتی رہی۔ شرکاء نے تہران کی عسکری قیادت کے 'وعدہ صادق' آپریشنز پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور شہداء کے خون کا بدلہ لینے کا عہد دہرایا۔

مزیدخبریں