عالمی یومِ آب: 'صاف پانی بنیادی حق، آبی قلت بڑا چیلنج'، صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا ہنگامی اقدامات پر زور

01:49 PM, 22 Mar, 2026

اسلام آباد : پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 'عالمی یومِ آب' منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغامات میں ملک کو درپیش آبی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پانی کے تحفظ کو قومی ترجیح قرار دیا ہے۔صدرِ مملکت نے محفوظ اور قابلِ اعتماد پانی کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا    قومی ترجیح: پانی کی فراہمی کو اب ہر سطح پر قومی ترجیح بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
 آبی نظام کی منصوبہ بندی، سرمایہ کاری اور فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی شمولیت ناگزیر ہے تاکہ بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ صدر نے ہدایت کی کہ زیرِ زمین آبی ذخائر کو دوبارہ بھرنے اور پانی کی سطح کو بلند کرنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے پانی کو انسانی بقا کے لیے لازمی قرار دیتے ہوئے کہا صاف پانی کی فراہمی کسی احسان نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی انسانی حق ہے۔ پاکستان کو اس وقت شدید آبی قلت کے چیلنج کا سامنا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے حکومت سنجیدہ ہے۔
    مستقبل کی حکمتِ عملی: ہم آنے والی نسلوں کے لیے پانی کے وسائل کو محفوظ بنانے کی خاطر جامع منصوبہ بندی کر رہے ہیں تاکہ مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
عالمی یومِ آب کے موقع پر ماہرینِ ماحولیات نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر پانی کے ضیاع کو نہ روکا گیا اور نئے ڈیمز و ذخائر تعمیر نہ کیے گئے تو پاکستان میں خشک سالی کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے آبی وسائل کے تحفظ کے لیے آگاہی مہمات کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں