'ہم سرحدوں پر مستعد، آپ خوشیاں منائیں': برف پوش چوٹیوں سے پاک فوج کے جوانوں کا قوم کے نام عید پیغام

02:21 PM, 22 Mar, 2026

راولپنڈی: عید الفطر کے پر مسرت موقع پر جہاں پوری قوم جشنِ عید میں مصروف ہے، وہیں لائن آف کنٹرول (LOC) کے اگلے محاذوں پر تعینات پاک فوج کے بہادر جوانوں نے برف پوش پہاڑوں اور سخت موسمی حالات کے درمیان سے قوم کے نام ایک خصوصی اور جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
سخت سردی اور دشوار گزار راستوں پر فرائض انجام دینے والے جوانوں نے پوری قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا وطنِ عزیز کا دفاع ہماری اولین ترجیح ہے، ہم یہاں اس لیے چوکس ہیں تاکہ ہماری قوم پرامن ماحول میں عید کی خوشیاں منا سکے۔ جوانوں کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ اس موقع پر اپنے پیاروں سے دور ہیں، لیکن ملک کی سلامتی اور عوام کی مسکراہٹ ہی ان کے لیے سب سے بڑی عید ہے۔
ایل او سی پر تعینات سپاہیوں نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم دہراتے ہوئے کہاہم ہر لمحہ بیدار اور مستعد ہیں۔ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار کھڑے ہیں۔پاک فوج کے غازیوں اور شہدا کے وارثوں نے مزید کہا کہ قوم کا اعتماد اور ان کی دعائیں ہمارے حوصلوں کو ہمالیہ سے بلند رکھتی ہیں۔ سرحدوں پر تعینات یہ محافظ اس عہد کے ساتھ عید منا رہے ہیں کہ جب تک وہ جاگ رہے ہیں، ارضِ پاک کا ایک ایک انچ محفوظ ہے۔

مزیدخبریں