وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت: ہائی آکٹین پر لیوی بڑھا کر ریلیف عوام تک منتقل کرنے کا حکم

08:12 PM, 22 Mar, 2026

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے معاشی بوجھ صاحبِ حیثیت طبقے پر منتقل کرنے کے لیے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ہائی آکٹین فیول (High Octane) پر پیٹرولیم لیوی میں 200 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر لیوی کی شرح 100 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے ویڈیو لنک اجلاس میں معاشی اصلاحات اور عوامی ریلیف پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران  وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے مہنگے ایندھن پر لیوی بڑھائی جائے تاکہ ملکی معیشت کا بوجھ وہ طبقہ اٹھائے جو اس کی سکت رکھتا ہے۔اس فیصلے کے نتیجے میں حکومت کو ماہانہ تقریباً 9 ارب روپے کی بچت اور اضافی ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے۔
 وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ اس بچت سے حاصل ہونے والے وسائل کو براہِ راست غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
حکومتی ترجمان نے واضح کیا ہے کہ اس فیصلے کے اثرات عام شہری پر نہیں پڑیں گے۔موٹر سائیکلوں اور چھوٹی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے عام پیٹرول (PMG) اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں اور ہوائی جہازوں کے ایندھن کو اس اضافے سے باہر رکھا گیا ہے تاکہ عام اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
اس اہم فیصلے کے وقت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ سمیت دیگر اہم حکام بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ یہ اقدام وزیرِ اعظم کی جانب سے ہائی آکٹین کی قیمتوں کے معاملے پر لیے گئے حالیہ نوٹس کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں