وزیر اعظم آج سعودی عرب میں مصروف دن گزاریں گے

وزیر اعظم آج سعودی عرب میں مصروف دن گزاریں گے

ریاض: وزیر اعظم نوازشریف آج سعودی عرب میں مصروف دن گزاریں گے۔ سعودی فرما نروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم سے مختلف وفود کی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ وزیراعظم عمرہ ادا کرینگے اور مدینہ منورہ میں روزہ رسول ﷺ پر حاضری بھی دینگے۔

اس سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف نے سعودی عرب میں مسلم رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا پاکستان نے دہشتگردی  کیخلاف  جنگ میں بھاری قیمت چکائی ہے۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان مسلم امہ کے اتحاد پر پختہ یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان نے بھی ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سخت فیصلے کیے جس سے گزشتہ چند سال میں دہشتگردی کے واقعات کم ترین سطح پر آئے اور دہشتگردی کے خلاف مسلح افواج نے منظم کارروائیاں کیں جب کہ پاک فوج کی بھرپور کارروائیوں سے مطلوبہ نتائج حاصل ہوئے، دہشتگردی کے خلاف ہماری کاوشیں سیاسی اور قومی اتفاق کی مثال ہیں۔

وزیراعظم نے   کہا کہ صدر ٹرمپ کا پہلے غیر ملکی دورے کے لئے سعودی عرب کا انتخاب قابل تعریف ہے اورصدر ٹرمپ کے اس اقدام کی بہت اہم علامتی حیثیت ہے۔ وزیراعظم نے ملائیشین ہم منصب اور تاجکستان کے صدر سے بھی ملاقات کی انہوں نے امیر قطر، بحرین کے شاہ اور آذربائیجان کے صدر سے بھی گفتگو کی۔ وزیر اعظم نواز شریف دورہ سعودی عرب مکمل کر کے کل وطن واپس پہنچیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں