وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالے ترین گروپ نے عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا: فردوس عاشق

02:47 PM, 22 May, 2021

لاہور: معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالے ترین گروپ نے عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفد نے وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بزدار حکومت تمام شہروں میں یکساں ترقی کی قائل ہے ، حکومت کے جتنے بھی فلاحی منصوبے ہیں ان سے عوام کو ریلیف فراہم ہوگا ۔

عثمان بزدار سے ملاقات کے موقع پر ترین گروپ میں شامل سعید اکبر نوانی کا کہنا تھا کہ ایک تھے ، ایک ہیں اور ایک رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی قیادت پر پورا اعتماد ہے ، آپ ہمارے وزیراعلیٰ ہیں ، اپنے ایشوز کے حل کے لیے آئے ہیں ، تحریک انصاف سے غیر مشروط وابستگی برقرار رہے گی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے دروازے آپ سب کے لیے کھلے ہیں ، کبھی کسی سے ناانصافی کی ، نہ کریں گے ، انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں ۔

جہانگیر ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں تھے اور پی ٹی آئی میں ہی رہیں گے ، ہمیں امید ہے تمام مسائل حل ہوں گے ، وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے جہانگیر ترین سے نا انصافی نہیں ہو گی اور علی ظفر پر بھی اعتماد کا اظہار کرتے ہیں ۔

سعید اکبر نوانی کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا ہے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں ، اپنے حلقے کے مسائل سے بھی آگاہ کیا ہے ، وزیراعظم نے کہا ہے نا انصافی نہیں ہوگی، انکوائری رپورٹ ہمارے خلاف بھی آئی تو قبول کریں گے ، ہم چاہتے ہیں رپورٹ میں ناانصافی نہیں ہونی چاہیے ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور ناراض پارٹی رہنما جہانگیر ترین گروپ کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ ہوا ہے اور دونوں کے درمیان معاملات طے پا گئے ۔

مزیدخبریں