اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جب کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔ جنوبی اور وسطی اضلاع میں دن کے وقت درجہ حرارت میں خاصی شدت آنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی گرمی کا زور برقرار رہے گا، جبکہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں شدید گرم موسم کے باعث گرد آلود ہوائیں چلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ کے بیشتر حصوں میں بھی موسم سخت گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے بعد ساحلی علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔
بلوچستان میں بھی گرمی کا زور برقرار رہے گا، تاہم ژوب، موسیٰ خیل اور بارکھان کے علاقوں میں دوپہر یا شام کے بعد کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ کریں۔