اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایک پروقار تقریب میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو ’’بیٹن آف فیلڈ مارشل‘‘ سے نوازا۔ یہ تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز قومی ترانے اور تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، صوبائی گورنرز، اعلیٰ عسکری حکام، ارکانِ پارلیمنٹ اور غیر ملکی سفارت کاروں نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ بیجز لگانے کی علیحدہ تقریب خضدار حملے کے باعث مؤخر کر دی گئی تھی۔
ایوانِ صدر میں فیلڈ مارشل کا بیٹن عطا کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کی تقریب ملک کے بہادر سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا لمحہ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعزاز سے نوازنا ایک قابلِ فخر موقع ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ اس اعزاز کی منظوری دینا میرے لیے باعثِ مسرت ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ہیروز کی قربانیوں اور خدمات کے معترف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے خلاف ہماری عسکری قیادت نے نہ صرف مؤثر بلکہ تاریخی جواب دیا جس کے نتیجے میں دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کشیدہ صورتحال میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا عزم اور حوصلہ مثالی رہا اور وطنِ عزیز کے لیے ان کی خدمات قابلِ فخر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ میں فیلڈ مارشل کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے اور ہم اس عظیم سپہ سالار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔