کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں "شاہراہِ بھٹو" کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں جب بھی بڑے ترقیاتی کام ہوئے تو وہ صرف پیپلز پارٹی کے دور میں ہی ممکن ہوئے۔ انہوں نے شاہراہِ بھٹو کو کراچی کے عوام کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک شاندار تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں جب بھی کسی نئے منصوبے کا افتتاح ہوتا ہے تو انہیں دلی خوشی ہوتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کی معاشی اور سماجی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ کراچی آنا چاہتے ہیں اور دوسرے صوبوں سے لوگ یہاں کاروبار کے لیے آتے ہیں، ہم سب کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ کراچی آئیں اور یہاں کام کریں۔ انہوں نے صحت کے شعبے میں حکومتِ سندھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج اگر شہر میں شہریوں کو معیاری اور مفت علاج مل رہا ہے تو وہ پیپلز پارٹی کی بدولت ہے، اور این آئی سی وی ڈی (NICVD) اس وقت دنیا میں مفت علاج کرنے والا سب سے بڑا ادارہ بن چکا ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ شاہراہِ بھٹو اور لیاری ایکسپریس وے جیسے بڑے منصوبے دینے کے بعد، وہ شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو اسی جذبے کے ساتھ مکمل کریں گے۔