محنت کشوں کے لیے بڑا ڈیجیٹل بریک تھرو، نادرا اور ورکرز ویلفیئر فنڈ میں تاریخی معاہدہ، 19 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے

09:20 PM, 22 May, 2026

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت ملک کے محنت کش طبقے کو فوری اور شفاف ریلیف کی فراہمی کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین کی خصوصی ہدایات پر ورکرز ویلفیئر فنڈ اور نادرا کے درمیان ایک اہم اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔

اس معاہدے کا بنیادی مقصد ورکرز ویلفیئر فنڈ کے پورے نظام کو جدید ترین ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنا اور فلاحی اسکیموں میں مکمل شفافیت لانا ہے۔ نادرا اس شراکت داری کے تحت ورکرز ویلفیئر فنڈ کو ریل ٹائم (فوری) ڈیجیٹل ویریفکیشن کی سہولت فراہم کرے گا، جس کے بعد میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ اور تعلیمی وظائف جیسے فلاحی پروگراموں کے لیے درخواست دہندگان اور ان کے اہل خانہ کی تصدیق کا عمل سیکنڈوں میں مکمل ہو جایا کرے گا۔
معاہدے کی باقاعدہ تقریب کے دوران ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے سیکرٹری ذوالفقار احمد اور نادرا کی طرف سے چیف پروجیکٹ آفیسر رحمان قمر نے دستاویزات پر دستخط کیے۔ اس جدید ترین تصدیقی نظام کے فعال ہونے سے ملک بھر کے 19 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ محنت کشوں کو بیوروکریٹک تاخیر اور طویل انتظار سے نجات مل جائے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے وژن کے مطابق ہمارا ہدف ادارے سے کرپشن اور تاخیر کا خاتمہ کر کے حقیقی سوشل جسٹس قائم کرنا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ نادرا کے اشتراک سے بننے والا یہ فل پروف نظام مستقبل کے تمام فلاحی منصوبوں کے لیے رول ماڈل ثابت ہوگا۔ نادرا کے چیف پروجیکٹ آفیسر نے بھی اس منصوبے کو مزدوروں کی فلاح کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر دونوں اداروں کے سربراہان نے ایک دوسرے کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔

مزیدخبریں