نرگس فخری کو شوہر ٹونی بیگ کی جانب سے سالگرہ پر رولز روئس کا تحفہ

05:12 PM, 22 Nov, 2025

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نرگس فخری ایک بار پھر خبروں میں ہیں، اور اس بار ان کی سرخیوں میں آنے کی وجہ ان کی سالگرہ پر شوہر ٹونی بیگ سے ملنے والی ایک انتہائی مہنگی گاڑی رولز روئس ہے۔

نرگس فخری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی نیلے رنگ کی رولز روئس کی تصاویر شیئر کیں، جو سرخ ربن میں بندھی ہوئی تھی۔ اس گاڑی کی قیمت تقریباً 10 کروڑ 30 لاکھ روپے کے قریب بتائی جا رہی ہے۔ اگرچہ نرگس کی سالگرہ اکتوبر میں تھی، لیکن انہوں نے یہ شاندار تحفہ نومبر میں ظاہر کیا اور مذاق کرتے ہوئے کہا، "اب میں سوچ رہی ہوں کہ اگلے سال 2026 کے سالگرہ کے تحفے کے لیے کیا ہو سکتا ہے؟" اس کے بعد انہوں نے مزید تصاویر شیئر کیں، جن میں ان کی رولز روئس، شوہر کی رولز روئس کے ساتھ کھڑی نظر آ رہی تھی۔

اداکار کرن کپور نے ٹونی کو "بہترین" کہا، جب کہ ہدایتکار تاران منسکھانی نے مزاحیہ انداز میں کہا، "ٹونی، نرگس کو چھوڑو، میری سالگرہ بھی قریب ہے۔"

یاد رہے کہ نرگس فخری کے شوہر ٹونی بیگ مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں اور کاروبار کی دنیا میں ایک معروف شخصیت ہیں۔ وہ ڈائیوز گروپ کے چیئرمین ہیں اور آسٹریلیا کی وکٹوریا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی سے ایم بی اے کر چکے ہیں۔ ٹونی نے 2006 میں کاروباری زندگی کا آغاز کیا اور اپنے کاروبار کو عالمی سطح پر پھیلایا، جن میں ای لنک، ایٹ ہیلتھ اور اوئیسس اپیرل شامل ہیں۔

یہ مہنگا تحفہ نرگس اور ٹونی کی عیش و عشرت کی زندگی کا ایک اور عکاس بن گیا ہے، جس نے اس جوڑے کو شوبز کی دنیا میں ایک اور منفرد مقام دے دیا ہے۔
 
 

مزیدخبریں