لاہور: پنجاب حکومت کے اقدامات اور ہوا کی کم رفتار کے نتیجے میں لاہور میں آج فضائی معیار نسبتاً بہتر رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق مشرق سے مغرب کی طرف چلنے والی ہواؤں کی وجہ سے لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی اوسط سطح 220 سے 240 کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
گزشتہ روز بھارت میں دیوالی کے دوران آتشبازی اور پرالی جلانے سے پیدا ہونے والی سموگ نے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں آلودگی کی شدت بڑھا دی تھی۔ تاہم، پنجاب حکومت کی جانب سے اینٹی سموگ آپریشن کے تحت کی جانے والی کارروائیوں سے صورتحال میں بہتری آئی ہے اور آج لاہور میں فضائی معیار میں قدرے بہتری دیکھی جا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی رفتار 3 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کی توقع ہے، اور صبح کے وقت درجہ حرارت کم ہونے کے ساتھ بارش کا امکان بھی نہیں ہے۔ تاہم، صبح سویرے اور رات کے اوقات میں ہوا کا معیار خراب ہو سکتا ہے، جبکہ شام کے وقت ٹریفک کے دباؤ اور بھارت سے آنے والی آلودگی کی وجہ سے اے کیو آئی دوبارہ بڑھنے کا امکان ہے۔
دوپہر 12 سے شام 5 بجے کے درمیان فضائی معیار بہتر رہے گا، اور دوپہر میں درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس دوران ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ جائے گی۔
صوبائی حکومت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ بچے، بزرگ افراد اور سانس یا دل کے مریض صبح سویرے اور غروب آفتاب کے بعد باہر نکلنے سے گریز کریں۔
پنجاب حکومت کا اینٹی سموگ آپریشن پوری قوت سے جاری ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ زیادہ آلودگی والے علاقوں میں اینٹی سموگ گنز کا استعمال جاری رکھا جائے گا، جبکہ تعمیراتی مقامات پر پانی چھڑکاؤ اور دھول مٹی کے مسائل کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ لاہور میں ٹرکوں اور بڑی گاڑیوں کی آمدورفت پر بھی کنٹرول رکھا جائے گا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کا تعاون سموگ میں کمی لانے کے لیے انتہائی ضروری ہے، اور اس میں عوامی تعاون کو یقینی بنانا ضروری ہے.