انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی

11:20 AM, 22 Oct, 2025

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے سماعت کے دوران کیس کے گواہان کی غیر موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

عدالت کی سماعت کے دوران، بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی، لیکن اس سماعت میں طلب کیے گئے تین گواہ پولیس سب انسپکٹرز عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق، گواہان کرکٹ سٹیڈیم کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تھے، جس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔

عدالت نے فیصلہ کیا کہ آئندہ سماعت 5 نومبر کو اڈیالہ جیل میں ہو گی، جہاں ملزمان اور گواہان کو پیش کیا جائے گا۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ وہ گواہان کو اڈیالہ جیل میں پیش ہونے کے نوٹس جاری کرے، جبکہ تمام ملزمان کو بھی 5 نومبر کو جیل عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی اس سماعت میں پیش ہوئے، لیکن پیشی کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔

مزیدخبریں