وزیر داخلہ محسن نقوی کی چیئرمین سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری سے ملاقات، مذہبی ہم آہنگی پر زور

10:32 AM, 22 Oct, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کی، جس میں ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا گیا۔ ملاقات کے دوران سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ کچھ حلقوں کی جانب سے مدارس اور مساجد کی بندش کے حوالے سے غلط پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی مسجد یا مدرسے کو بند نہیں کیا جائے گا اور دین اسلام ہمیشہ امن اور محبت کا پیغام دیتا ہے، جہاں تشدد یا شرانگیزی کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں علمائے کرام کا کردار بہت اہم رہا ہے اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ان حالات میں، وزیر داخلہ نے سب کو ایک مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کے دائرے میں ہر فرد کو احتجاج کا حق حاصل ہے، لیکن پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو یکجان ہو کر کام کرنا ہوگا۔

چیئرمین سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے اس موقع پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سنی تحریک بھرپور کردار ادا کرے گی۔

مزیدخبریں