سربراہ پاک فضائیہ کا رومانیہ کا دورہ، دفاعی تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال

04:56 PM, 22 Oct, 2025

راولپنڈی :پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے رومانیہ کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے رومانیہ ایئر فورس کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل بارابوئی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور فضائی و زمینی عملے کی استعداد کار میں اضافے، مشترکہ فضائی مشقوں اور تربیتی تبادلوں جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ائیر چیف کے رومانیہ ایئر فورس ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی اور عالمی و علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل بارابوئی نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور بھارتی جارحیت کے خلاف حالیہ کامیابیوں کو سراہا اور دفاعی خودکفالت میں پاک فضائیہ کی شاندار پیش رفت کو خراج تحسین پیش کیا۔

دونوں سربراہان نے مشترکہ فضائی دفاعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پائیدار ادارہ جاتی تعاون کے قیام اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں دفاعی صنعتی شراکت داری کے امکانات پر بھی بات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ دورہ پاکستان اور رومانیہ کے دفاعی و عسکری تعلقات میں ایک سنگِ میل ہے جو دونوں ممالک کے امن، ترقی اور باہمی تعاون کے عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔

مزیدخبریں