کوئٹہ : بلوچستان میں اینٹی نارکوٹکس فورس اور مقامی اداروں نے پوست کی کاشت اور منشیات کے اڈوں کے خاتمے کے لیے ایک بڑی مہم شروع کر دی ہے۔ یہ مہم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومت بلوچستان کی براہِ راست ہدایات پر عمل درآمد کے تحت چلائی جا رہی ہے، جس کا مقصد بلوچستان کو منشیات سے مکمل طور پر پاک کرنا ہے۔
مہم کے دوران مختلف علاقوں میں پوست کی فصلیں تلف کی گئی ہیں اور منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی منشیات کے نیٹ ورکس اور دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لیے مقامی لوگوں کو متبادل روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ انہیں دوبارہ منشیات کی کاشت کی طرف رجوع نہ کرنا پڑے۔
حکومت اور سکیورٹی ادارے منشیات، جرائم اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے موثر حکمت عملی اپنانے پر یقین رکھتے ہیں، کیونکہ یہ گٹھ جوڑ ہی منشیات کے کاروبار کو طاقت دیتا ہے۔ منشیات کے خلاف جنگ ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس میں ہر فرد کا کردار ضروری ہے۔