اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں مزید فوجی دستے داخل کر کے حملے تیز کر دیے، 68 فلسطینی شہید

03:40 PM, 22 Sep, 2025

غزہ :  اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں تین مختلف ڈویژنز کے ساتھ پیش قدمی کرتے ہوئے رہائشی عمارتوں، پناہ گزین اسکولوں اور خیموں پر حملے تیز کر دیے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق تازہ حملوں میں شاتی پناہ گزین کیمپ سمیت متعدد رہائشی عمارتیں نشانہ بنی ہیں۔

غزہ میں ایک روز کے دوران اسرائیلی کارروائیوں میں مزید 68 فلسطینی شہید ہو گئے، جبکہ خان یونس میں امداد کے منتظر تین فلسطینی بھی اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کا شکار ہوئے۔

دوسری جانب، چین نے فلسطین کی اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کی حمایت کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کے لیے اپنی پختہ خواہش کا اظہار کیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو دو ریاستی حل کے تحت فلسطین کی اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کی حمایت کرنی چاہیے۔

وانگ یی نے بیان میں کہا کہ غزہ میں دو سال سے جاری جنگ نے انسانی المیے کو بے مثال حد تک بڑھایا ہے اور اسرائیلی کارروائیاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں جو دو ریاستی حل کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کے لیے فوری جامع جنگ بندی، فلسطینی خود مختاری، اور دو ریاستی حل کو مضبوطی سے قائم رکھے۔

مزیدخبریں