دبئی : ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے فخر زمان کے کیچ آؤٹ پر سوال اٹھا دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ "فخر زمان کا آؤٹ شاید غلط تھا، ہمیں لگا گیند زمین کو چھو گئی تھی، لیکن آخر میں فیصلہ امپائر کا ہی ہوتا ہے اور ہمیں اسے تسلیم کرنا پڑتا ہے۔"
انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹیم نے توقع کے مطابق بولنگ نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ "لیفٹ اور رائٹ کمبی نیشن کے تحت بولنگ پلان بنایا تھا مگر عملی طور پر کامیاب نہ ہو سکا۔ ہم 10 سے 15 رنز کم بنا سکے، ہمارا اسکور 180 سے زیادہ ہونا چاہیے تھا۔"
سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ ٹیم نے مکمل پرفارمنس نہیں دی، خاص طور پر بھارتی بلے بازوں نے پاور پلے میں شاندار بیٹنگ کی جس سے میچ کا رخ بدل گیا۔کپتان نے آئندہ میچ کے حوالے سے کہا کہ "سری لنکا کے خلاف خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے اور بہتر کھیل پیش کریں گے۔"