حکومت خیبرپختونخوا کا بڑا اقدام ، کرک میں غیر قانونی کان کنی پر 60 روزہ پابندی

11:53 AM, 22 Sep, 2025

پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع کرک میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے 60 دن کے لیے مکمل پابندی لگا دی ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ضلع بھر میں سونا تلاش کرنے اور نکالنے سمیت ہر قسم کی غیر قانونی کان کنی پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس پابندی کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ، ماحول کی بہتری اور امن و امان کو برقرار رکھنا ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کے دوران کسی شخص یا ادارے کو کان کنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر کسی نے خلاف ورزی کی تو اس کی مشینری، گاڑیاں اور دیگر اوزار ضبط کر لیے جائیں گے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی، جس میں جرمانہ، قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کان کنی نہ صرف ماحول کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ اس سے علاقے کا امن بھی متاثر ہوتا ہے اور سمگلنگ کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

مزیدخبریں