ساہیوال: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا کے بعد ساہیوال میں بھی الیکٹرک بسوں کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ سروس نوجوانوں کے لیے بالکل مفت ہوگی اور بسوں میں خصوصی ریمپ بھی بنایا گیا ہے تاکہ معذور افراد بھی باعزت سفر کر سکیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے چھوٹے شہروں میں معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ساہیوال کے لیے 30 الیکٹرک بسیں مختص کی گئی ہیں جن کا کرایہ صرف 20 روپے ہوگا۔ علاوہ ازیں خواتین، بزرگوں، طلباء اور معذور افراد کے لیے مفت سفر کی سہولت بھی دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بسوں میں چارجنگ پورٹس اور وائی فائی کی سہولت بھی موجود ہے، تاکہ مسافروں کو زیادہ آرام دہ اور جدید سفر فراہم کیا جا سکے۔ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ ملک بھر میں نواز شریف کے دور کی ترقی کے روشن نشان ہیں۔
اس سے قبل، مریم نواز نے بہاولنگر میں فلڈ ریلیف کے لیے قائم خواتین کے کیمپ کا دورہ کیا،انہوں نے ان خواتین کے ساتھ وقت گزارا اور خود بھی سلائی کی۔ وہ سیلاب سے متاثرہ بچوں سے بھی ملیں اور ان کے ساتھ کھانا کھایا، جس سے ان کی عوامی خدمت اور ہمدردی کا عملی اظہار ہوا۔