اسلام آباد:جاری مالی سال 2025-26 کے ابتدائی دو ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق جولائی اور اگست کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 2.538 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ رقم 2.662 ارب ڈالر تھی۔
رپورٹ کے مطابق صرف اگست 2025 میں پٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 1.193 ارب ڈالر رہا، جو اگست 2024 کے 1.398 ارب ڈالر کے مقابلے میں 14.7 فیصد کم ہے۔
ماہانہ بنیادوں پر بھی نمایاں کمی دیکھی گئی، جولائی 2025 میں درآمدات پر 1.346 ارب ڈالر خرچ کیے گئے تھے، جبکہ اگست میں یہ رقم 11.4 فیصد کم ہو کر 1.193 ارب ڈالر پر آ گئی۔
ماہرین کے مطابق پٹرولیم درآمدات میں یہ کمی ملکی توانائی کی کھپت میں کمی، قیمتوں میں عالمی سطح پر استحکام، اور روپے کی قدر میں ممکنہ بہتری کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔