نیویارک:اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دنیا کو بڑھتی ہوئی تقسیم اور تنازعات سے بچانے پر زور دیا۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ گزشتہ دہائی میں شروع ہونے والی جنگوں کے تباہ کن اثرات سامنے آئے، جنگوں کے دوران شہریوں کو نشانہ بنایا گیا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئیں۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود صورتحال کشیدہ ہے، جنگ ہر صورت بند ہونی چاہیے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی جاری رہنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین سب کے لیے برابر ہیں، طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں جبکہ صرف فوجی طاقت یا معاشی قوت امن و استحکام کی ضمانت نہیں دے سکتی۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ قیام امن کے لیے تمام ممالک کو مل کر اقدامات کرنا ہوں گے اور مسائل کا حل بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنا ہوگا۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے بین الاقوامی قانون کے مطابق جہاز رانی کی آزادی بحال کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ باہم مربوط دنیا عالمی مسائل کے متوازن حل میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔