نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کینیا کے صدر ولیم روٹو کے درمیان نیویارک میں ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور کینیا کے دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔
ملاقات میں دواسازی، ٹیکسٹائل، جراحی کے آلات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں کاروباری روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کینیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے مشرقی افریقی برادری (EAC) کے ساتھ پاکستان کے روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور، پائیدار ترقی اور عالمی امن و سلامتی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
کینیا کے صدر ولیم روٹو نے مغربی ایشیا اور خلیجی خطے میں حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے مصالحتی کردار کو سراہا۔
دونوں جانب سے دوطرفہ سیاسی مشاورت اور مشترکہ وزارتی کمیشن سمیت موجودہ ادارہ جاتی طریقۂ کار کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کینیا کی عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔