شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا

شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا
کیپشن: شہباز شریف  آج کوٹ لکھپت جیل سے رہا ہوں گے
سورس: file

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو  کوٹ لکھپت جیل سے رہاکردیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے ان کی ضمانت کی منظوری کا حکم جاری کیا تھا۔

نیو نیوز کے مطابق شہباز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ  نے 50 ،50 لاکھ کے دو ضمانتی مچلکے  احتساب عدالت نمبر 2 میں  جمع کرا ئے جس کے بعد روبکار جاری کردی گئی ۔

مسلم لیگ نون کے رہنما ملک سیف کھوکھر اور چوہدری محمد نواز قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف کے ضمانتی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بنچ نے  جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منظور کی تھی۔

بنچ کے سربراہ جسٹس علی باقر نجفی نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے 50، 50 لاکھ روپے کے 2 مچلکے بھی جمع کرانے کی ہدایت کی تھی ۔

دوران سماعت بنچ نے استفسار کیا تھا کہ جو ٹی ٹیز صدر ن لیگ کو آئیں یا منی لانڈرنگ کی وہ پیسہ کہاں سے آیا؟ نیب پراسیکیوٹر کے مطمئن نہ کرنے پر 3رکنی ریفری بنچ نے متفقہ فیصلہ سنایا۔

منی لانڈرنگ کیس میں قبل ازیں  2رکنی بنچ میں جسٹس سرفراز ڈوگر نے ضمانت کے حق اور جسٹس اسجد جاوید گھرال نے مخالفت کی جبکہ نئے تین رکنی بنچ نے شہباز شریف کی متفقہ ضمانت کا فیصلہ جاری کیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تشکیل دئیے گئے بنچ میں جسٹس مس عالیہ نیلم اور جسٹس سید شہباز علی رضوی شامل تھے۔