جہانگیر ترین سے مزید ارکان اسمبلی کی ملاقاتیں، مکمل حمایت کی یقین دہانی

جہانگیر ترین سے مزید ارکان اسمبلی کی ملاقاتیں، مکمل حمایت کی یقین دہانی
کیپشن: جہانگیر ترین سے مزید ارکان اسمبلی کی ملاقاتیں، مکمل حمایت کی یقین دہانی
سورس: فائل فوٹو

لاہور: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے مزید ارکان اسمبلی نے ملاقاتیں کر کے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

چینی اسکینڈل کے نامزد ملزم اور تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین سے مزید اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کر کے انہیں حمایت کا یقین دلایا ہے۔

جھنگ سے تحریک انصاف کے ایم این اے صاحبزاده محبوب سلطان اور ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور کہا کہ جہانگیر ترین کی تحریک انصاف کے لیے گراں قدر خدمات ہیں اور ہماری تمام تر حمایت ان کے ساتھ ہے جبکہ اکٹھے مل کر پارٹی کے اندر سے جاری سازش کا مقابلہ کریں گے۔

راولپنڈی سے تحریک انصاف کے ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور کہا کہ جہانگیر ترین تحریک انصاف کے مشکل وقت کے ساتھی ہیں اور آج ان کے خلاف پارٹی کے اندر سے سازش کر کے مشکلات کھڑی کی گئیں ہیں، اس عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، میری تمام تر حمایت جہانگیر ترین کے ساتھ ہے۔

دوسری طرف گورنر پنجاب چوہدری سرور سے جہانگیر ترین گروپ کے اہم رہنماؤں نے ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا، گورنر پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں راجا ریاض، صوبائی وزراء اجمل چیمہ اور خیال احمد کاسترو سمیت دیگر شامل ہیں۔

گورنر پنجاب نے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کے جو بھی تحفظات ہیں ان کو دور کیا جائے گا اور عمران خان سے آپ سب کی ملاقات جلد یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کروں گا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین اپنی ہی حکومت میں خود پر لگے چینی کے حوالے سے الزامات پر نالاں ہیں اور اپنے بیانات میں کہتے آ رہے ہیں کہ میں تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہا ہوں جبکہ تحریک انصاف کے دیگر درجنوں رہنما بھی جہانگیر ترین کی نجی محفلوں میں شریک ہو رہے ہیں اور ذرائع کے مطابق تقریباً 50 کے قریب ایم پی اے اور ایم این ایز پر مشتمل ارکان نے ہم خیال گروپ بنا لیا ہے۔