کیلیفورنیا: ٹک ٹاک کی جانب سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ایک نئے فیچر کی آزمائش جاری ہے جو ویڈیو شیئرنگ ایپ میں کمنٹس کے استعمال کے انداز کو مکمل طور پر بدل سکتا ہے۔
کمپنی ایک ایسے اے آئی ٹول پر کام کر رہی ہے جسے “میم ری مکسر” کا نام دیا گیا ہے۔ اس فیچر کے تحت صارفین کی ویڈیوز کو اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے ری مکس کیا جا سکے گا۔ کمپنی نے اس فیچر کی آزمائش کی تصدیق بھی کی ہے۔
نئے سسٹم کے مطابق ایک سیٹنگ متعارف کرائی جائے گی جس کے تحت دیگر صارفین کو آپ کی ویڈیوز کو اے آئی کے ذریعے ری مکس کرنے کی اجازت خودکار طور پر حاصل ہوگی، تاہم صارف چاہیں تو اسے بند بھی کر سکتے ہیں۔
اس فیچر کی مدد سے کوئی بھی شخص کسی بھی ٹک ٹاک ویڈیو سے اے آئی کے ذریعے نئی تصاویر بنا سکے گا، جن میں چہرہ، آواز اور پس منظر کو تبدیل کرنا ممکن ہوگا۔
مثال کے طور پر اگر کوئی صارف ریسٹورنٹ کی ویڈیو اپ لوڈ کرتا ہے تو دیگر افراد اسے تبدیل کرکے ایسی اے آئی تصویر بنا سکیں گے جس میں وہی شخص کسی ساحل یا کسی اور مقام پر موجود دکھائی دے گا۔ یہ تصاویر اصل ویڈیو کے کمنٹس میں شیئر بھی کی جا سکیں گی۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کا مقصد کمنٹس کے سیکشن کو زیادہ تخلیقی اور دلچسپ بنانا ہے۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاک میں حالیہ عرصے کے دوران متعدد اے آئی فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں “ٹاکو” نامی اے آئی اسسٹنٹ بھی شامل ہے۔
تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ “میم ری مکسر” ابھی تجرباتی مرحلے میں ہے اور اسے تمام صارفین کے لیے جاری نہیں کیا گیا۔ اس کی عالمی سطح پر دستیابی کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ بھی سامنے نہیں آئی۔
مزید یہ کہ جب یہ فیچر متعارف ہوگا تو یہ بذریعہ ڈیفالٹ آن ہوگا، تاہم صارف اسے بند کر سکیں گے، مگر ہر ویڈیو کے لیے الگ سے اسے بند کرنا پڑ سکتا ہے اور مکمل طور پر مستقل طور پر آف کرنے کا آپشن ممکن نہیں ہوگا۔