لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے ایک اہم میچ میں کراچی کنگز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا اور ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز اسکور کیے۔ فخر زمان نے 61 جبکہ عبداللہ شفیق نے 62 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ کراچی کی جانب سے معین علی نے 2 جبکہ حسن علی اور رضا اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ کپتان ڈیوڈ وارنر نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے اختتامی لمحات میں خوشدل شاہ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ انہوں نے صرف 14 گیندوں پر ناقابل شکست 44 رنز بنائے، جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
دیگر بلے بازوں میں معین علی 39، سلمان علی آغا اور اعظم خان 14، 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ریزا ہینڈرکس 10 اور جیسن روئے 9 رنز بنا سکے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے عبید شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ڈینیئل سیمس اور حارث رؤف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔