اسحاق ڈار کی کمپنیوں کا ریکارڈ نیب کو جمع کرا دیا گیا

اسحاق ڈار کی کمپنیوں کا ریکارڈ نیب کو جمع کرا دیا گیا

 لاہور: سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی کمپنیوں کا ریکارڈ نیب میں جمع کرا دیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا الزام ہے اور پاناما کیس میں سپریم کورٹ نے ان کے خلاف نیب ریفرنس کا حکم دیا ہے جس کے لیے نیب نے تیاری شروع کر دی ہے۔ جوائنٹ ڈائریکٹر ایس ای سی پی علی عدنان نے اسحاق ڈار کی 7 نجی کمپنیوں کا ریکارڈ قومی احتساب بیورو لاہور کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم کو جمع کرایا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار، ان کی اہلیہ، دو بیٹوں اور بہو کی کمپنی سے متعلق ریکارڈ بھی جمع کرایا گیا ہے جبکہ جن کمپنیوں کا ریکارڈ جمع کرایا گیا ہے ان میں گلف انشورنس، ایچ ڈی ایس سیکیورٹیز، اسپینسر ڈسٹری بیوشن، سی این جی پاکستان، ہجویری ہولڈنگ اور ہجویری مضاربہ کمپنی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ریکارڈ میں فارم 21، فارم 29، سرٹیفکیٹس آف ان کارپوریشن، میمورنڈم آف ایسوسی ایشنز بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اسحاق ڈار کو کل نیب میں طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے جب کہ انہوں نے نیب لاہور کو جواب جمع کرایا ہے جس کے مطابق سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل تک انہوں نے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں