پاکستان میں تیل کے ذخائر کم ہو رہے ہیں، نئی دریافت وقت کی ضرورت

ایس آئی ایف سی کی مدد سے بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ رابطے تیز

01:18 PM, 23 Aug, 2025

اسلام آباد: پاکستان میں تیل کے ذخائر تیزی سے ختم ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے نئی دریافت اور تلاش وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہے۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے مطابق ملک میں کل دریافت شدہ تیل کے ذخائر 1,234 ملین بیرل ہیں، جن میں سے 80 فیصد یعنی 985 ملین بیرل استعمال ہو چکا ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں 94.24 ملین، سندھ میں 78.98 ملین، پنجاب میں 74.23 ملین اور بلوچستان میں صرف 1.6 ملین بیرل تیل کے ذخائر باقی ہیں۔ ملک کی موجودہ تیل پیداوار روزانہ 60 ہزار بیرل ہے، جسے نئی دریافتوں سے بڑھایا جا سکتا ہے۔

امریکی ادارے کے مطابق پاکستان میں 9.1 بلین بیرل شیل آئل کے ذخائر موجود ہیں جو توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے میں مدد دیں گے۔

ایس آئی ایف سی کی مدد سے پاکستان نے بین الاقوامی کمپنیوں سے رابطے بڑھا دیے ہیں تاکہ توانائی کی خودکفالت کے لیے تیل کی تلاش کو تیز کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئی دریافتیں ملک کی معیشت کے لیے بہت اہم ثابت ہوں گی۔

مزیدخبریں