لاہور: نجی اسپتالوں میں نگرانی کا نظام لازمی، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا اہم اقدام

07:03 PM, 23 Aug, 2025

لاہور : پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے بھر کے تمام نجی اسپتالوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مریضوں کے تحفظ اور انتظامی شفافیت کے لیے اپنے مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں۔

کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اسپتالوں کے مخصوص حساس مقامات جیسے کہ ایمرجنسی روم، انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو)، نوزائیدہ بچوں کے وارڈ (نرسری)، ویٹنگ ایریاز، داخلی دروازے اور راہداریوں میں فعال کیمرے نصب کیے جائیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام مریضوں کی شکایات کی بروقت اور مؤثر چھان بین کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔ اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ریکارڈ شدہ ویڈیوز کو کم از کم 40 دن تک محفوظ رکھیں۔

ہیلتھ کیئر کمیشن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ فوٹیج صرف قانونی یا تحقیقی مقاصد کے تحت متعلقہ اداروں کو فراہم کی جا سکے گی، اور کیمرے نصب کرتے وقت مریضوں کی رازداری (پرائیویسی) کا مکمل خیال رکھا جائے۔

یہ فیصلہ پنجاب کے نجی اسپتالوں میں انتظامی نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مریضوں کے اعتماد کو فروغ دینے کے لیے اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں