لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لودھراں کے ارکان صوبائی اسمبلی محمد زبیر خان اور شازیہ حیات نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اپنے حلقوں میں درپیش عوامی مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے اقدامات پر گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کو عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھنے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ارکان اسمبلی نے ملتان، وہاڑی روڈ کی تکمیل پر وزیراعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ لودھراں میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر عوام کی جانب سے مریم نواز کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ارکان کے مطابق مختلف روٹس پر الیکٹروبس سروس عوام میں مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی مسائل کے حل اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے صوبے میں صحت، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جاری منصوبوں کو بھی اہم قرار دیا۔